کراچی:(اے پی پی) عیدالالضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں 10ہزار سے زائد ڈیپ فریزرز فروخت کیے گئے جن کی مالیت 30کروڑ روپے سے زائد ہے۔ بقرعید ملک میں ڈیپ فریزرز کی فروخت کا سب سے بڑا سیزن ہے، یہ سیزن ایک ہفتے پر محیط ہے جو عید سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوکر ایک رات قبل تک جاری رہتا ہے، ملک میں قربانی کے رجحان بالخصوص بڑے جانوروں کی قربانی میں اضافے کی وجہ سے ڈیپ فریزرز کی فروخت کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے تاہم ملک میں توانائی کی قلت اور عوام کی قوت خرید میں کمی کی وجہ سے فروخت میں اضافے کی رفتار محدود ہے، ملک بھر میں فروخت ہونے والے ڈیپ فریزرز میں سے 25فیصد ڈیپ فریزرز کراچی میں فروخت کیے جاتے ہیں۔ اس سال کراچی میں عید کے موقع پر ڈیپ فریزرز کی فروخت 2500 یونٹس کے قریب رہی۔ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کے مطابق قوت خرید میں کمی کی وجہ سے اس سال ڈیپ فریزرز کی فروخت میں اضافہ تاجروں کی توقع سے کم رہا، عمومی مہنگائی بڑھنے اور عوام کی قوت خرید میں کمی کی وجہ سے فروخت امیدوں سے کم رہی، کراچی میں ایک ہفتے کے دوران 2500 ڈیپ فریزرز فروخت کیے گئے جن کی مالیت ساڑھے 7کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ اس سال ڈیپ فریزرز کی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 10فیصد زائد رہی، ایک سال کے دوران ڈیپ فریزرز کی قیمتوں میں بھی 10سے 15فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور قیمتوں میں 2سے ڈھائی ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے تاہم عید کیلیے ڈیپ فریزرز کا وافر اسٹاک موجود ہونے کی وجہ سے صارفین پر اضافی قیمتوں کا بوجھ نہیں ڈالا گیا، قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کیلیے زیادہ تر سنگل ڈور ڈیپ فریزرز خریدے جاتے ہیں، ڈیپ فریزرز کی مجموعی فروخت میں سنگل ڈور ڈیپ فریزرز کا تناسب 70فیصد سے زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ڈیپ فریزرز کی مینوفیکچرنگ میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سال 2014-15 میں مجموعی طور پر 1لاکھ1ہزار 638 یونٹس تیار کیے گئے جبکہ مالی سال 2013-14 کے دوران ڈیپ فریزرز کی پیداوار 88ہزار 522یونٹس رہی تھی۔