فری زون سے گوادر خطے کا بڑا تجارتی مرکز بن جائیگا، جانگ باژونگ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین جانگ باژونگ نے کہا ہے کہ فری زون کی تعمیر کے بعد گوادر کا شہر خطہ میں بڑا تجارتی مرکز بن جائے گا۔
جانگ باژونگ نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے ملک کی مجموعی اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی جبکہ مقامی لوگوں کو بھی فوائد پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر فری زون کی تعمیر کے لیے چین نے دو ہزار مقامی لوگوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں ایکسپو 2018 کے انعقاد میں پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بھرپور تعاون چین کے لیے انتہائی خوش آئند ہے اور ہمیں اس سے خوشی ہوئی ہے، اس ایکسپو میں ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک سے وفود آئیں گے جس سے مقامی مصنوعات بشمول فشنگ، ایمبرائیڈری اور ڈیری مصنوعات کی مارکیٹنگ میں سہولیات میسر ہوں گی۔
اس موقع پر یو فی میرین ٹیکنالوجی آف چائنا کے چیئرمین نے بتایا کہ ان کی کمپنی مقامی لوگوں کو فشنگ اور فارمنگ کے شعبوں میں تربیت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری اور طویل فاصلے تک ماہی گیری میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ضمن میں ان کی کمپنی گوادر میں ایک انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، یہ منصوبہ چین اور پاکستان دونوں کے لیے یکساں فوائد کا حامل ہو گا۔