اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) فوجی فرٹیلائزر کمپنی( ایف ایف سی) سال2010ء سے لے کر مسلسل چھٹی مرتبہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 25 بڑی کمپنیوں میں پہلے نمبر پر رہی ہے اور پی ایس ای نے کمپنی کو سال2014ء اور2015ء کیلئے بھی بہترین کمپنی قرار دیا ہے۔ایف ایف سی کے اعلامیہ کے مطابق ایف ایف سی کی مالیاتی اور انتظامی کارکردگی پی ایس ای میں لسٹڈ 25 بڑی کمپنیوں میں سے سب سے بہترین رہی ہے۔ ایف ایف سی کے سی ای او اورا یم ڈی لیفٹیننٹ جنرل(ر)شفقات احمد نے کہا ہے کہ کمپنی کی پوری انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کمپنی سیکرٹری اور کارپوریٹ افیئرز کے شعبوں کی کارکردگی کوبھی سراہا جس سے کمپنی کو ملک کی بہترین کمپنی ہونے کا مسلسل چھٹے سال بھی اعزاز حاصل ہوا ہے۔