خبرنامہ

قومی بچت اسکیموں پر بزرگ شہریوں اور بیواؤں کو مراعات دینے کا فیصلہ

قومی بچت اسکیموں پر بزرگ شہریوں اور بیواؤں کو مراعات دینے کا فیصلہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی حکومت نے پنشنرز،بزرگ شہریوں اور بیواؤں کو قومی بچت اسکیموں سے 4 لاکھ روپے تک کے منافع پر ٹیکس سے چھوٹ ،ٹیکس میں 50 فیصدکمی اور ٹیکس کریڈٹ سمیت دیگر مراعات دینے کا فیصلہ کیاہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر مشتمل قومی بچت کی 2 اسکیموں کو فائنل ٹیکس رجیم سے نکال کر معمول کی ٹیکس رجیم میں شامل کردیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب محکمہ قومی بچت نے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس میں بیواؤں اور بزرگ شہریوں کے ساتھ ساتھ معذور لوگوں کو بھی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کا جلد اعلان متوقع ہے۔
اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن 1217(I)/2017جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے دوسرے شیڈول کے پارٹ فور میں ایک نئی شق 103شامل کی گئی ہے جس کے ذریعے ان دونوں اسکیموں کو فائنل ٹیکس رجیم سے نکال کر معمول کی ٹیکس رجیم میں شامل کیا گیا ہے اور ان دونوں اسکیموں پر انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن سات بی کا اطلاق بھی نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ مذکورہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پنشنرز،بزرگ شہریوں اور بیواؤں کو قومی بچت اسکیموں پر عائد ٹیکسوں میں چھوٹ سمیت دیگر مراعات دی گئی ہیں۔