خبرنامہ

قومی بچت اسکیم کی شرح منافع میں اضافہ

کراچی : قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافے کا اعلان کردیا گیا، اسکیموں کے منافع میں ایک فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ادارے قومی بچت کے اعلامیہ میں اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ کردیا گیا، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع صفر اعشاریہ سات پانچ فیصد اضافے کے ساتھ نو اعشاریہ صفر پانچ فیصد ہوگئی۔

اعلامیہ کے مطابق شہدا فیملی، بہبود اور پنشنرز سیونگز پر منافع میں صفر اعشاریہ سات دو فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد منافع کی شرح دس اعشاریہ نو دو فیصد ہوگئی ہے۔

اسپیشل سیونگز سرٹیفیکیٹ پر منافع صفر اعشاریہ آٹھ فیصد سے بڑھ کر 7.6 فیصد کردی گئی، سیونگز اکاؤنٹس پرایک فیصد اضافے سے منافع چھ فیصد ہوگیا ہے جبکہ ریگولرانکم اور اسپیشل سیونگز پر منافع کی شرح بڑھائی گئی ہے۔

ریگولر انکم سرٹیفیکیٹ کی شرح منافع 0.74 سے بڑھ کر 8.78 فیصد کردیا گیا ہے۔

ادارے قومی بچت کا کہنا ہے کہ اضافہ کا مقصد پینشن اور لمبے عرصے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بہتر منافع دینا ہے، اضافے کا اطلاق یکم ستمبر سے کی گئی سرمایہ کاری پر ہوگا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کی جانب شرح سود میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کے باعث بچت اسکیموں کا منافع مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

یاد رہے جولائی میں بھی قومی بچت اسکیم کی جانب سے منافع میں نصف فیصد تک کا اضافہ کیا گیا تھا،جس کے بعد بہود سیونگز پر شرح منافع 10.2 فیصد جبکہ سیونگ اکاؤنٹ پر شرح سود 5 فیصد ہوگئی تھی۔