اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) قومی معیشت کی ترقی میں شعبہ زراعت بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا آٹھواں بڑا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ خوراک اور فصلیں پیدا ہوتی ہیں۔ معروف تجزیہ کار سیّد غصنفر محمود نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کپاس، چاول اور آم کی پیداوار میں چوتھے ،دودھ، گنا اور کھجور پیدا کرنے والا پانچواں اور خوبانی پیدا کرنے والا دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، اسی طرح کینو یا ترشاوہ پھلوں کی پیداوار میں بھی پاکستان چھٹے نمبر پر جبکہ گندم اور پیاز پیدا کرنے والا ساتواں بڑا ملک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی دو تہائی دیہی آبادی کا ذریعہ آمدن زراعت سے وابسطہ ہے جبکہ مجموعی قومی برآمدات میں زراعت کے شعبے کا حصہ بھی نمایاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق زرعی شعبہ خوراک اور صنعتوں کے لیے خٰام مال کی فراہمی، زرمبادلہ کے حصول اور صنعتی سامان اور مشینری کی مارکیٹ کا بھی اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر قومی معیشت کی ترقی میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔