خبرنامہ

ماریشس کی پاکستانی فرمزکوافریقہ تک رسائی کی پیشکش

ماریشس کی پاکستانی فرمزکوافریقہ تک رسائی کی پیشکش

کراچی:(ملت آن لائن) ماریشس کے ہائی کمشنر راشد صوبیدار نے تاجروصنعتکار برادری پر زور دیاہے کہ وہ ماریشس کے ذریعے افریقی براعظم تک رسائی حاصل کرنے پر غور کرے جو 55 ممالک میں داخل ہونے کے حوالے سے موثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیاجاسکتا ہے۔
ماریشس کے ہائی کمشنر راشد صوبیدار نے کراچی چیمبر کے دورے پرکہاکہ ماریشس میں دوطرفہ تجارت کے مواقع تلاش کرنے کے علاوہ تاجروصنعتکار برادری پڑوسی ممالک بشمول مڈغاسکر، تنزانیہ، روانڈا اور موزمبیق میں بھی مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔
ہائی کمشنر نے کے سی سی آئی کو مشورہ دیاکہ دلچسپی کے شعبوں کی شناخت کیا جائے، ماریشس کا بورڈآف انویسٹمنٹ، ہائی کمیشن اور اعزازی قونصلیٹ ماریشس کے خوشگوار ماحول میں کاروبار کرنے کے خواہش مند کراچی کے تاجروں وصنعتکاروں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گا۔ کسی بھی مشکل یا مسئلے کو فوری طور پر حل کیاجائے گا۔
قبل ازیں صدرکے سی سی آئی مفسر عطاملک نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو بہتر بنانے کیلیے زیادہ سے زیادہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پہل کرنے پر زو دیا اور کہاکہ کراچی چیمبر فروری کے آخری ہفتے میں وفد ماریشس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔