مصر پاکستان کیساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کا خواہاں
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیوں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ متعدد مصنوعات کی تجارت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ ڈالر کی باہمی تجارت اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جس کو بہتر کرنے کیلیے دونوں جانب سے بہتر کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر احمد فضل یعقوب نے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، مصر کے ایک سرمایہ کار نے پہلے ہی پاکستان کے ریئل اسٹیٹ شعبے میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مزید سرمایہ کار پاکستان میں پارٹنرز تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ مصری سفیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدرای منصوبے سے مصر کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ اس سے سوئز نہر تک آسان رسائی فراہم ہو گی۔ انہوں نے کہا سیاحت کے شعبے میں بھی پاکستان اور مصر کے مابین باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ مصر اس شعبے میں اچھی مہارت رکھتا ہے اور پاکستان کو اپنی سیاحت کی صنعت کو بہتر طور پر فروغ دینے میں مدد سکتا ہے۔ احمد فضل یعقوب نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین عمدہ سیاسی اور فوجی تعلقات ہیں لہذا ان تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بھی بہتر کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ براعظم ایشیا ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا فروغ مصر کیلیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کر کے پاکستان افریقی ممالک کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے تجارت کو فروغ دینے کیلیے افریقہ کی طرف دیکھنے کا پلان بنایا ہوا ہے اوراس منصوبے پر عمل درآمد کیلیے مصر کے ساتھ مضبوط تعاون کو فروغ دینا پاکستان کیلیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مصر پاکستان کو افریقہ کی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور مصر متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں جس کیلیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیاں مضبوط روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی متعدد مصنوعات بشمول ادویہ پھل اور سبزیاں، ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، انفارمیشن ٹیکنالوجی مصر کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہے۔