خبرنامہ

مصر کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کے ریئل اسٹیٹ پروجیکٹ کا اعلان

مصر کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کے ریئل اسٹیٹ پروجیکٹ کا اعلان
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مصر کے معروف سرمایہ کار گروپ اوراڈیولپرز (Ora Developers) اور سیف گروپ (Saif Group ) نے کوہستان بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے اشتراک سے وفاقی دارالحکومت میں ایٹین اسلام آباد (Eighteen Islamabad ) کے نام سے 2 ارب امریکی ڈالر مالیت کے ریئل اسٹیٹ پروجیکٹ کا اعلان کردیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں برانڈ کی رونمائی کی گئی اور مینجمنٹ ٹیم کے اراکین نے منصوبے کے شراکت داروں کا تعارف کرایا۔ منصوبے کی کمرشل لانچنگ کیلیے 18 جنوری 2018 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ایٹین اسلام آباد(Eighteen Islamabad ) 2.77ملین اسکوائر یارڈز (2.2 ملین اسکوائر میٹر) پر پھیلی ہوئی چاردیواری میں واقع کمیونٹی ہوگی جو اسلام آباد کے جنوب مغرب میں تیار کی جارہی ہے۔ یہ پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا ڈیزائن اور تعمیر پیش کرتا ہے جو پاکستان کی ریئل اسٹیٹ میں نئے معیار قائم کریگا۔

منصوبے کے اعلان کے موقع پر اورا ڈیولپرز(Ora Developers )کے چیئرمین نجیب ساویرس نے کہا ’’ آج ہم نے ڈیولپمنٹ کیلیے ایک شاندار ماسٹر پلان پیش کیا ہے جس کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کے ریئل اسٹیٹ کے پراجیکٹس میں انقلاب لے آئے گا۔ اس قدر معزز پارٹنرز کیساتھ کام کرتے ہوئے اورا( Ora )عالمی معیار کے دارالحکومت میں معیار زندگی کی نئی منزل تخلیق کریںگے۔ اس پروجیکٹ میں شامل ہونے پر مجھے بہت خوشی ہے اور جو کچھ ہم حاصل کریں گے اس کیلیے بہت پرجوش بھی ہوں‘‘۔

نجیب ساویرس کا کہنا تھا میں 20 سال قبل یہاں تھا جب ہم نے موبی لنک کا آغاز کیا، ہم پاکستان میں اپنا کاروبار جاری رکھنا چاہتے تھے اور جیسا کہ ہم نے ٹیلی کام منصوبہ شروع کیا، ہم نے ریئل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کا سوچا کیونکہ اسلام آباد میں لوگ ولاز اور اپارٹمنٹس کیلئے جو قیمتیں ادا کررہے ہیں اس سے مجھے خوف ہوا۔ ساویرس نے مزید کہا ہمارا مقصد ہوگا کہ منصوبے کو دیگر شہروں جیسا کہ کراچی اور لاہور تک توسیع دے دیں مگر اس میں صوبائی دارالحکومتوں میں زمین کی دستیابی کا چیلنج ہوگا۔

تقریب میں نجیب ساویرس کیساتھ Saif Group کے چیئرمین انور سیف اللہ اور کوہستان بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین ملک عدیل بھی Eighteen Islamabad کی مینجمنٹ کیساتھ موجود تھے۔

اس پروجیکٹ کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق حامدی کررہے ہیں جنھوں نے اس پراجیکٹ کے منفرد ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ’’ تمام ولاز اور اپارٹمنٹس کو نہایت احتیاط کیساتھ اس طرح بنایا گیا ہے کہ وہاں سے گالف کورس نظر آتا ہے اور انھیں کشادہ شاہراہوں اور گلیوں سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس طرح کشادگی اور پرائیویسی کا احساس ابھرتا ہے اور لوگوں کو ایسا گھر فراہم کرتا ہے جس کا انہوں نے خواب دیکھا تھا، فراہم کی گئی سہولتیں کسی سے کم نہیں ہیں جو محفوظ، خوف سے آزاد اور خصوصی مقام پر فراہم کی جائیں گی۔

طارق حامدی کا کہنا تھا سی ڈی اے سے منصوبے کا این او سی حاصل کرلیا گیا ہے، فیز ون ساڑھے تین برس میں مکمل کر لیا جائیگا۔ Eighteen Islamabad نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے 10 منٹ کے فاصلے پر واقع ہے جسے 18 ہول کے چمپئین شپ گالف کورس کے اطراف میں ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں 2000 رہائشی یونٹس، مختلف سائز کے 1068 ولاز اور 900 اپارٹمنٹس ہوں گے جبکہ ایک علامتی گالف کلب ہائوس، شاپنگ مال، فائیو اسٹار بوتیک ہوٹل، طبی سہولتیں اور کمرشل ایریا بھی تعمیر کیا جائیگا۔

پروجیکٹ سی ای او نے بتایا کہ منصوبے کے ماسٹر پلان کا تصور Calisson RTKL نے پیش کیا ہے اور اسے معروف آرکیٹکٹس اور اربن پلانرز WATG نے تیار کیا ہے۔ منفرد اور چیلنجنگ گالف کورس کو برطانیہ میں واقع کمپنی IDG نے ڈیزائن کیا ہے۔