خبرنامہ

معیشت مستحکم ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، رانا افضل

معیشت مستحکم ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، رانا افضل

کراچی:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور معیشت مستحکم ہے تاہم آئی ایم ایف میں جانے کا ارادہ نہیں۔

گزشتہ روز قصر ناز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا افضل نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو اسحق ڈار کی پالیسیوں سے فائدہ ہوا، بڑی صنعتوں کی نمو میں بہتری کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، غیرضروری مصنوعات کی درآمدات میں کمی کے لیے کوشش کی جارہی ہے، برآمدات میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے، آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

رانا افضل نے کہنا تھا کہ معیشت مستحکم ہے، صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے ، 5ماہ کے دوران برآمدات 17 فیصد بڑھی ہیں، غیرضروری درآمدات کم کرنے پر توجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرضوں کی ادائیگی معمول کے مطابق ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کا ارادہ نہیں البتہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں،حکومت نے جن منصوبوں کا وعدہ کیا تھا وہ پورے ہورہے ہیں، زراعت کی کارکردگی بھی بہتر ہورہی ہے، زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم سطح پر رکھا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے ترقیاتی فنڈ کو کبھی نہیں روکا گیا بلکہ سندھ حکومت کے فنڈز کو دگنا کر دیا گیا ہے، سندھ کی طرف سے پی سی ون میں تاخیر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فیزون کے منصوبے 70 سے 80 فیصد مکمل ہوچکے ہیں، سی پیک کے لیے آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہے، پٹرولیم مصنوعات کے لیے بجٹ میں کوئی رقم مختص نہیں کی جاتی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا افضل نے کہا کہ امریکا افغانستان میں اپنی ناکامی کی ذمے داری پاکستان پر ڈال رہا ہے، امریکی صدر کے بیان پر دنیا پاکستان کا ساتھ دے رہی ہے، امریکا نے جہاں 1250 ارب ڈالر دہشت گردی کی خلاف جنگ پر خرچ کیے ، کچھ اور رقم باڈر سیکیورٹی پر بھی خرچ کرے، امریکا کو ہر سطح پر جواب دیا جا رہا ہے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر رانا افضل کا کہنا تھا کہ احتساب کا مطلب یہ نہیں کہ ملکی معیشت کو ٹھپ کردیں۔انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ہلکی پھلکی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی اچھے کام کی تعریف نہیں کی، بلوچستان میں جمہوریت اپنے فیصلے کرے گی۔

دریں اثنا وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ نے ایف پی سی سی آئی اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بھی دورہ کیا جبکہ گورنر ہاؤس میں محمد زبیر سے بھی ملاقات کی۔