خبرنامہ

ملک میں تیل اور گیس کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانا ناگزیر ہے،ظہیرعالم

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو ظہیر عالم نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اور گیس کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ریگولیٹری نظام کو بہتر بناناناگزیر ہے، صورتحال ٹھیک ہو گی تو سرمایہ کاری آئے گی، شیل گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے شیل گیس پالیسی کااعلان کیا جانا چاہیے۔ بدھ کو یہاں انرجی فورم 2018ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ارضیاتی صورتحال، استحکام اور آئندہ حالات کے حوالے سے توقعات گیس اور تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے بہت اہم ہوتی ہیں۔ ریگولیٹری ادارے فعال ہوں گے اور ان کا نظم و نسق بہتر ہو گا تو اس سے ہمیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیل گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے اور اس کے لئے شیل گیس پالیسی کا اعلان کیا جائے تو سرمایہ کاری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔