اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا، گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نظام میں 150 سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آرایل این جی) شامل کی جائے گی۔
اجلاس کی صدارت وزیرخزانہ اسد عمر نے کی، جس میں اراکین کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ توانائی ڈویژن کو اسلامی فنانس کے ذریعے 38 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ موسم سرما کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ایک معمول ہے اور کئی سالوں سے موسم سرما کے دوران گیس کی کمی شہریوں کے لیے ایک مسئلہ بن جاتی ہے۔
گیس کی لوڈشیڈنگ سے جہاں صنعتی صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں گھریلو صارفین بھی پریشان نظر آتے ہیں۔
گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو صارفین کو جہاں کھانا بنانے کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے دیگر امور کو نمٹانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اس مسئلے کی وجہ سے ہوٹلوں کی انتظامیہ کو بھی شہریوں کی طلب کو پورا کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔