اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)نئی کمپنیوں اور نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) نمبر کی رجسٹریشن کے مربوط نظام کے تحت اب تک 7 ہزار سے زائد کمپنیوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ڈپٹی رجسٹرار آف کمپنیز کاشف محمود نے کہا ہے کہ کمپنیوں اور این ٹی این کی رجسٹریشن کے حوالے سے متعارف کرایا جانے والا نیا مربوط نظام انتہائی سہل اور سادہ ہے جس کی وجہ سے کمپنی اور این ٹی این کی رجسٹریشن کا کام اب دنوں کی بجائے گھنٹوں میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے جس سے کاروباری برادری کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مربوط نظام کے تحت اب تک سات ہزار سے زائد کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں اور این ٹی این کی رجسٹریشن کی سہولت کو تمام شراکت داروں نے سراہا ہے۔ انہوں نے کاروباری اور صنعتکار برادری پر زور دیا کہ وہ نئی کمپنی یا این ٹی این کی رجسٹریشن کیلئے نئے متعارف کرائے جانے والے نظام سے استفادہ کریں۔