خبرنامہ

نیشنل ٹیرف کمیشن کویکم اکتوبر 2016ء سےفعال بنانےکےفیصلہ کاخیرمقدم

اسلام آباد:(اے پی پی) صنعتی شعبہ سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور مینوفیکچرز نے نیشنل ٹیرف کمیشن کو یکم اکتوبر 2016ء سے فعال بنانے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف کمیشن کی طرف سے این ٹی سی ڈمپنگ ڈیوٹیز کے نفاذ کیلئے تحقیقات جلد مکمل کی جائیں، ڈیوٹیوں میں کمی اور جمع شدہ درآمدی اشیاء کے تحفظ کے حوالہ سے اقدامات سے ملکی صنعتیں ترقی کریں گی اور ان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی۔ جمعرات کو صنعتی شعبہ کی ترقی اور تحفظ کیلئے قائم ادارہ کے تحت (او اے ایس آئی ایس) تمام متعلقہ افراد کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جسے این ٹی سی سٹیک ہولڈرز کا نام دیا گیا۔ فورم کے اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق مقامی مینو فیکچرز نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی تکمیل ایک ماہ میں مکمل کرنے اور اسے یکم اکتوبر 2016ء سے فعال بنانے وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا گیا۔ فورم کے شرکاء نے حکومت سے درخواست کی کہ این ٹی سی کیلئے ایسے ممبران مقرر کئے جائیں جو ٹیرف کمیشن آرڈیننس 2015ء کی شق 5 کے تحت مقرر کردہ معیار پر پورا اترتے ہوں اور عدالتوں میں مستقبل میں مقدمہ بازی سے بچایا جا سکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان میں مقامی صنعت کی حالت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، گیس کی قلت اور دیگر اقتصادی مسائل کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے، اگرچہ پچھلے چند سال کے دوران صورتحال میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم اقتصادی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔