خبرنامہ

نیپال میں ساتویں ’’میڈ ان پاکستان ‘‘ نمائش 22ستمبر سے شروع ہو گی

راولپنڈی۔12ستمبر (اے پی پی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام نیپال میں ساتویں ’’میڈ ان پاکستان ‘‘ نمائش 22تا28ستمبر منعقد ہو گی ۔چیئرمین ریجنل ٹریڈ کمیٹی خورشیدبرلاس نے بتایاکہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقدہ ’’میڈ ان پاکستان ‘‘ نمائش کو ’’ری بلڈ نیپال ‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ زلزلے سے تباہ حال نیپال کی تاجر برادری کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں معاونت دی جا سکے ۔خورشید برلاس نے بتایاکہ نمائش میں ٹیکسٹائل ،فارماسوٹیکل ، فرنیچر ،فوڈ پراڈکٹس ،سرجیکل ،کچن اسیسریز ،لیدر ،جیم سٹون اور ہینڈی کرافٹ مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر مختلف نمائشوں کا تسلسل سے انعقاد کروا رہاہے تاھم ’’ری بلڈ نیپال ‘‘نمائش کا بنیادی مقصد مقامی تاجر برادری کو معاونت فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے ایسے مقامی تاجروں کو سٹالز بنا کر دیئے جارہے ہیں جن کا کاروباری سیٹ اپ زلزلے کی نظر ہو چکاہے ۔