خبرنامہ

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 41 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے اکتوبر میں فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 64 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی کی سربراہی میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی سماعت ہوئی جس دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اکتوبر میں 9 ارب 57 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، بجلی پیداوار پر کل لاگت 52 ارب روپے 12 کروڑ روپے رہی، کوئلے سے 11.65 فیصد اور فرنس آئل سے 7.88 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست میں بتایا گیا کہ گیس سے 20 فیصد درآمدی ایل این جی سے 23 فیصد بجلی پیدا کی گئی جب کہ نیو کلیئر ذرائع سے 9.3 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 64 پیسے کی بجائے بجلی 41 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

اکتوبر کے مہینے کے فیول پرائس سے صارفین پر 3 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔