خبرنامہ

والدین کے غلط کوائف دینے پرتعلیمی اداروں کے خلاف انکوائری

والدین کے غلط کوائف دینے پرتعلیمی اداروں کے خلاف انکوائری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ماتحت اداروں کو ودہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس میں طلبا و طلبات کی بھاری فیسیں ادا کرنے والے والدین وگارڈین کے غلط کوائف فراہم کرنے والے بڑے و مہنگے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف فوری طور پر تحقیقات شروع کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تمام لارج ٹیکس پیئر یونٹس اور ریجنل ٹیکس آفسز کے چیف کمشنرز کولکھے جانے والے لیٹر میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام بڑے اور مہنگے تعلیمی اداروں کی ودہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس کی چھان بین کرکے 22 جنوری2018 تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز کو رپورٹ بھجوائی جائے۔

تمام بڑے تعلیمی اداروں کی جانب سے جولائی 2015 سے اب تک طلبا و طلبات اور ان کے والدین کی جانب سے جمع کرائی جانے والی بھاری فیسوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس کٹوتی کی تحقیقات کی جائیں اور پتا چلایا جائے کہ مذکورہ عرصے کے دوران کس تعلیمی ادارے نے طلبا و طالبات سے فیسوں کی مد میں کتنی وصولیاں کی ہیں اور ان پر ٹیکس کتنا ود ہولڈ کیا گیا اور ایف بی آر کو جمع کتنا کرایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق کہا گیا ہے کہ یہ بھی پتہ چلایا جائے کہ کیا تعلیمی اداروں نے ٹیکس پورا ایف بی آر کو جمع کرایا یا نہیں، تعلیمی اداروں کی جانب سے والدین کے فراہم کردہ کوائف کی بھی چھان بین کی جائے،والدین و گارڈین کے غلط کوائف جمع کرانے والے تعلیمی اداروںکے خلاف کارروائی کی جائے، تعلیمی اداروں کی ودہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس کی کاپیاں بھی بھیجی جائیں تاکہ بورڈ خود بھی ان ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس کا ڈیسک آڈٹ کر سکے۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ ودہولڈنگ ٹیکس کی جانب سے ایف بی آر کو موصول ہونی والی رپورٹ میں ملک کے بڑے اور مہنگے نجی تعلمی اداروں کی جانب سے جمع کروائی جانی والی اپنی ودہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس میں طلبا و طلبات کی بھاری فیسیں ادا کرنے والے والدین وگارڈین کے غلط کوائف جمع کروانے کا انکشاف ہوا تھا۔