خبرنامہ

وزارت خزانہ نے قومی بچت صارفین کی تفصیلات طلب کر لیں

اسلام آباد:(اے پی پی) وزارت خزانہ نے محکمہ قومی بچت سے تمام اکاؤنٹ ہولڈرز اور بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے محکمہ قومی بچت سے کہا گیا ہے کہ تمام اکاؤنٹ ہولڈرز اور سرمایہ کاروں کے نام،کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز، پوسٹل ایڈریسز سمیت دیگر کوائف اکھٹے کرکے وزارت خزانہ کو بھجوائے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد قومی بچت کی اسکیموں میں سرمایہ کاری اور اسکیموں سے حاصل کردہ منافع پر ٹیکسوں کی کٹوتیوں کے معاملات کا جائزہ لینا ہے۔ محکمہ قومی بچت کے ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی ہدایت پر ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس، بہبود سیونگز، پنشنر بینفٹس اکاؤننٹس سمیت دیگر تمام اسکیموں کے بارے میں الگ الگ رپورٹس تیار کی جا رہی ہیں اور اس کے لیے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ہفتے تفصیلی رپورٹ وزارت خزانہ کو بھجوادی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق تمام برانچ آفسز کے منیجرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی اپنی برانچ کے اکاؤنٹ ہولڈرز اور اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کے تازہ ترین کوائف ہیڈ آفس کو بھجوائیں۔ مذکورہ معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کا مقصد محکمہ قومی بچت میں سینٹرلائزڈ ڈیٹا ویئر ہاؤس کو اپ ڈیٹ کرنا بھی ہے کیونکہ محکمے کی جانب سے کمپیوٹرائزیشن و آٹومیشن پروجیکٹ پر کام جاری ہے اور اس پروجیکٹ کے لیے بھی ضروری ہے کہ تمام اکاؤنٹ ہولڈرز اور سرمایہ کاروں کے اپ ڈیٹڈ کوائف دستیاب ہوں تاکہ سینٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر کو زیادہ سے زیادہ موثر بنایا جاسکے۔