خبرنامہ

وزیرخزانہ اسدعمرکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، کمیٹی برآمدات میں اضافے کے مختلف اقدامات پر غور کرے گی جبکہ پیٹرولیم کمپنی کو66 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کی منظوری متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس کا ایجنڈا پانچ نکات پر مشتمل ہے ، ایجنڈے میں ٹیکس ریفنڈز اور لیویز ڈرابیکس کے بارے میں بات ہوگی، ریفنڈ کا حجم 36 ارب روپے تک ہوگا۔

اجلاس میں کمیٹی برآمدات میں اضافے کے مختلف اقدامات پر غور کرےگی جبکہ پیٹرولیم کمپنی کو 66 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کی منظوری متوقع ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی میں کھاد کی قلت پورا کرنے کے فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس فراہمی پرغورکیاجائے گا اور فرٹیلائزر پلانٹس کےلیےآر ایل این جی کےنرخوں کاتعین کیا جائے گا جبکہ شوگر ملز کے مسائل پر بھی بات چیت ہوگی۔

یاد رہے 3 روز قبل ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کو 40 ہزارمیٹرک ٹن گندم تحفہ دینے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سےاستفادہ کرنے والے 3 لاکھ 20 ہزار افراد کے لئے 8 کروڑ26 لاکھ ڈالر کے فنڈ کی منظوری دی تھی، یہ امداد غربت کے خاتمے کے فنڈ کو فراہم کی جائے گی۔

اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سردیوں میں کم سے کم گیس لوڈشیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ گیس کی قلت ایل این جی درآمد کر کے پوری کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔