کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔ 100 انڈیکس میں 11 سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ چند دنوں کی مندی کے بعد زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔
مارکیٹ میں 100 انڈیکس میں 11 سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد انڈیکس 38 ہزار 800 سے اوپر ٹریڈ کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں تھے جہاں پاکستان نے 12 ارب ڈالرز کا امدادی پیکج حاصل کر لیا۔
سعودی عرب ادائیگیوں میں توازن پر 3 جبکہ ادھار پر تیل کے لیے 9 ارب ڈالر دے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر ایڈوانس دیے جائیں گے۔ ایڈوانس ایک سال کے لیے ہوگا۔
سعودی عرب سے اقتصادی و معاشی معاہدہ تین سالہ ہوگا۔ پاکستان سعودی عرب چوتھے سال معاہدے کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔
سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوگا۔
دوسری جانب گزشتہ کئی روز سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی جارہی تھی۔ گزشتہ روز 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کے دوران 630 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 37 ہزار 714 پوائنٹس پر بند ہوا۔