واشنگٹن (ملت + آئی این پی)امریکا کے صدارتی انتخاب میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کی خبریں سامنے آتے ہی ڈالر کی قیمت گر گئیدنیا بھر کی منڈیوں میں شدید مندی کا رجحان، سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالر ڈوب گئے ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 750 پوائنٹس گر گئے، ممبئی، ٹوکیو، شنگھائی اور سڈنی اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدارتی اانتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی خبریں سامنے آتے ہی ڈالر کی قیمت گر گئی ، پاکستان سمیت دنیا بھر کی اسٹاکس مارکیٹس، کرنسی ریٹ اور سونے کی قیمتوں میں غیر یقینی کی صورتحال دیکھنے میں آئی ۔ دنیا کے بہترین حصص بازاروں میں شامل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک وقت میں 750پوائنٹس نیچے چلا گیا، اسی طرح ممبئی، ٹوکیو، شنگھائی اور سڈنی اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج نے حصص بازاروں کے علاوہ کرنسی مارکیٹس کو بھی متاثر کیا اور ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا، ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں یورو 2.30 روپے مہنگا ہوگیا جس کے بعد یورو کی قیمت 116.70 سے بڑھ کر 119روپے پر آگئی، اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور برطانوی پاونڈ 131.80 سے بڑھ کر 132.80 روپے پر آگیا جب کہ جاپانی ین 4 فیصد مہنگا ہوکر 1.03 روپے پر آگیا۔امریکی انتخابات نے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کو بھی متاثر کیا جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونا فی اونس 51 ڈالر مہنگا ہوگیا جب کہ ایشیائی سیشن میں لائٹ سوئیٹ کی قیمت میں ایک ڈالر 66 سینٹ کی کمی کے بعد خام تیل کی فی بیرل قیمت 43 ڈالر 32 سینٹ ہوگئی۔