اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پانچ سال کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ نے قومی خزانے کو 684 ارب روپے کے ٹیکسز ادا کئے ہیں جبکہ مالی سال 2013ء تا 2017ء کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اسی طرح شعبہ میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 2.3 ارب ڈالر رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2017ء کے دوران موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی چار کمپنیوں کی جانب سے مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں قومی خزانے کو 68.37 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں جبکہ ان کمپنیوں کی آمدن 436 ارب روپے رہی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ملک میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 58.33 ملین تک بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں موبائل فونز صارفین مجموعی قومی آبادی کے 74.1 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔