خبرنامہ

ٹیکسٹائل سیکٹر کی بجلی 3 روپے سستی کرنے پر غور

ٹیکسٹائل سیکٹر کی بجلی 3 روپے سستی کرنے پر غور

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت تجارت وٹیکسٹائل انڈسٹری حاجی اکرم انصاری نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخ میں 3روپے تک کمی کی تجویز زیرغور ہے۔ ملک میں بند پڑے انڈسٹریل یونٹس کی بحالی کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے جس پر جلد ہی کوئی لائحہ عمل مرتب کر لیا جائے گا، حکومت نے برآمد کنندگان کو وزیراعظم پیکیج کے تحت اب تک 25ارب روپے جاری کر دیے ہیں، مارچ تک50 ارب روپے جاری کر دیے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ملکی برآمدات مثبت سمت میں جا رہی ہیں اور رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران برآمدات میں11 فیصد تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہم برآمدات میں اضافے کے لیے برآمدکنندگان کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے بجلی و گیس نرخ حریف ممالک کے برابر لانے کے سوال پر وزیرمملکت نے کہاکہ اس معاملے پر وزیراعظم کے ساتھ گزشتہ ہفتے بھی اجلاس ہواجس میں تمام اسٹیک ہولڈرز موجود تھے۔ بجلی و گیس نرخ میں کمی کے لیے متعلقہ محکمے کام کر رہے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے 3 روپے تک بجلی کے نرخ میں کمی کی تجویز زیر غور ہے جس کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے برآمدکنندگان کو 180ارب روپے کا پیکیج دیا جس میں سے ابھی تک 25 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں اور مارچ تک 50 ارب روپے جاری کر دیے جائیں گے تاہم سابقہ ادوارمیں برآمدکنند گان کے لیے دی جانے والی مراعات پر عملدرآمد نہیں کرایا گیا۔

ملک میں بند پڑے بیمار انڈسٹریل یونٹس کی بحالی پر کام کیا جا رہا ہے جس کے لیے اسٹیٹ بینک کے ساتھ بات چل رہی ہے، جلد ہی بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کی حکمت عملی مرتب کر لی جائے گی۔ اکرم انصاری کا کہنا تھاکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث معیشت کو نقصان پہنچتا ہے، قصور جیسے واقعات پر ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہیے، ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی معیشت ترقی کرے گی۔