خبرنامہ

پانچ ہزار کا نوٹ ختم کرنے کی سفارش نہیں کی، سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) سابق وزیر خزانہ اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے سے متعلق کوئی سفارش نہیں کی اور نہ ہی وزارت خزانہ نے 5ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کاروباری براداری اور عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، 5ہزار روپے کا نوٹ ختم نہیں کیا جا رہا، سینیٹ نے 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے سے متعلق قرار داد منظور کی تاہم اس معاملے پر قائمہ کمیٹی خزانہ نے کوئی سفارش نہیں کی، معاملے پر وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کی رائے لی جائیگی اور متفقہ طور پر کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پانچ ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے پر تاجر براداری کو خدشات ہیں، یہ نوٹ ختم کرنے سے ملکی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں جس کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے واضح کیا کہ فی الوقت 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کاروباری برادری اور عوام پریشان مت ہوں۔