خبرنامہ

پانچ ہزار کا نوٹ سسٹم میں رہنا چاہیے، ایف پی سی سی آئی

کراچی:(ملت+اے پی پی) ایف پی سی سی آئی نے 5 ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹوں کی بندش کو مسترد کرتے ہوئے اس تجویز کو ناقابل عمل قرار دے دیا ہے۔ تاجروں کے وفاق میں سینئر نائب صدر خالد تواب نے 5 ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹ پر بندش کی قراردادرپر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوٹ کو سسٹم میں موجود رہنا چاہیے بصورت دیگر روزمرہ تجارت بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے بڑے کرنسی نوٹوں میں لین دین عوام اور تاجروں دونوں کے لیے سہولت کا باعث ہے۔ اگر 5ہزار روپے مالیت کا کرنسی نوٹ ختم کیا گیا تو تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے دوسری جانب تعداد کے لحاظ سے بڑی رقوم کے لین دین کی وجہ سے امن و امان کے مسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔ خالد تواب نے کہا کہ 5 ہزار روپے مالیت کا کرنسی نوٹ بند کر کے ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا اس کے لیے احتساب کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا، 5 ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹ کی بندش سے عوام کی مشکلات بڑھانے کے سوا کوئی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا اس لیے یہ تجویز پاکستان کے لیے ناقابل عمل ہے۔