اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان ( ایف پی سی سی آئی) کی سابق نائب صدر فہمیدہ جمالی نے کہا ہے کہ چین کی دستکاریوں کی صنعت کی پاکستان منتقلی سے ملک میں دستکاریوں کی صنعت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنرمندخواتین بہترین معیار کی دستکاریاں تیار کرتی ہیں تاہم مارکیٹنگ اور مالیاتی ضرورتوں کی تکمیل کی ناکافی سہولتوں کے باعث ان کی صلاحیتوں سے حقیقی طور پر استفادہ نہیں کیا جا رہا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنر مند خواتین کی تیار کردہ دستکاریوں کی عالمی سطح پر نمائش سے برآمدات کے فروغ میں مدد حاصل ہو گی جس سے ان کے ذرائع آمدنی کے اضافہ سے غربت کے خاتمہ میں بھی مدد حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی دستکاریوں کی صنعت کی پاکستان منتقلی سے دستکاریوں کی مقامی صنعت کی ترقی اور فروغ میں مدد ملے گی کیونکہ چینی ادارے پاکستانی ہنر مند خواتین کی تیار کردہ دستکاریوں کو خرید کر بین الاقوامی سطح پر متعارف کروائیں گے جس سے ملک میں دستکاریوں کی صنعت کی ترقی اور فروغ میں معاونت حاصل ہو گی۔