خبرنامہ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اسمگلنگ ڈھائی ارب ڈالر سے تجاوز

لاہور: (ملت آن لائن) پاک افغان باہمی تجارت کا حجم 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز تھا جو اب کم ہو کر 1 ارب 50 کروڑ ڈالر تک رہ گیا ہے۔ دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان سمگلنگ 2 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات خراب ہونے کے باعث ایران نے افغانستان میں ٹیکسٹائل، چینی اور سیمنٹ کی برآمدات بڑھا دی ہیں۔
پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے چیئرمین زبیر موتی والا نے دنیا نیوز کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اشیاء کی ڈیوٹیز سٹریکچر میں تبدیلی پر بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد 39 مصنوعات پر ڈیوٹی میں ردو بدل کی فہرست تیار کر کے وزارت خزانہ کو جمع کرائی گئیں تھی، مگر بدقسمتی سے وزارت خزانہ نے اس فہرست کو حتمی شکل نہیں دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ روابط بحال کرنے کی بے حد ضرورت ہے۔