خبرنامہ

پاکستان سرمایہ کاری کیلیے بہترین ملک بن چکا، فرانسیسی سفیر

پاکستان سرمایہ کاری

پاکستان سرمایہ کاری کیلیے بہترین ملک بن چکا، فرانسیسی سفیر

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بیریٹی نے کہاہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس سے پاکستان اب سرمایہ کاری کیلیے بہترین ملک بن چکاہے۔

فرانسیسی سفیر نے وزیر تجارت محمد پرویز ملک سے ملاقات کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔

مارک بیریٹی نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے فضا بہتر ہورہی ہے اور دہشت گردی میں کے واقعات میں کمی کے بعد پاکستان اب پرامن ملک بن چکا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان اب ہر لحاظ سے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ملک ہے فرانسیسی سفیر نے کہاکہ غیر ملکی کمپنیاں توانائی بالخصوص شمسی توانائی اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
فرانسیسی سفیر نے اس بات پر زور دیاکہ پاکستان اپنی برآمدات کو فرانسیسی منڈیوں تک پھیلانے کے لیے اقدامات کرے۔ وزیر تجارت اور فرانسیسی سفیر نے ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس اسکیم کے بارے میں بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان درست سمت گامزن ہے اور جی ایس پی اسکیم کے تحت اقوام متحدہ کے 27 کنونشنز پر عمل درآمد کے حوالے سے اقدامات کر رہاہے۔ وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے جی ایس پی پلس کے آئندہ جائزے کے لیے فرانس کی حمایت کی خواہش کا اظہار کیا۔