خبرنامہ

پاکستان سے تجارت بڑھانے کامنصوبہ بنالیا، فرانسیسی سفیر

پاکستان سے تجارت بڑھانے

پاکستان سے تجارت بڑھانے کامنصوبہ بنالیا، فرانسیسی سفیر

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان میں فرانس کے سفیر ڈاکٹر مارک بارٹی نے کہا ہے کہ ان کا اولین ہدف دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینا ہے جس کے لیے ایکشن پلان وضع کرلیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران مارک بارٹی نے کہا کہ ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے کے لیے فرانسیسی اور پاکستانی تاجروں کی مدد کرنا، تجارتی معلومات کی فراہمی اور ویزا کے اجرا کا عمل آسان کرنا ان کی ترجیحات ہیں، انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی صدر معیشت کی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات کر رہے ہیں، کاروبار آسان کرنے کے لیے قواعد و ضوابط نرم کیے جارہے ہیں جبکہ ٹیکسوں کی تعداد میں کمی کے لیے ٹیکس اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ پاکستان ساکھ بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے، فرانس کی تاجروں سے متعلق ٹریول ایڈوائزری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تجارت ٹیکسٹائل کے شعبے میں ہورہی ہے، دیگر شعبوں پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔
دوسری جانب لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فرانس پاکستان فرینڈشپ گروپ کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ بطور فرانسیسی پارلیمانی اراکین اور فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ، وفد کے اراکین پاکستان کی بہترین ساکھ کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے، ماضی کی نسبت آج پاکستان میں صورتحال غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے بہت سازگار ہے۔

ملک طاہر جاوید نے باہمی تجارت میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ یہ رحجان جاری رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ تجارت میں توازن قائم کرنے کیلیے بھی اقدامات ہونے چاہئیں، سیاحت کے حوالے سے پاکستان خوبصورت اور تاریخی ملک ہے ، فرنچ اور پاکستانی تاجر اس شعبے میں مشترکہ منصوبے بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر اعجاز اے ممتاز، سہیل لاشاری، امجد علی جاواودیگر ممبران بھی موجود تھے۔