پاکستان میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 5 کروڑ تک پہنچ گئی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ملک میں براڈ بینڈ کی سہولتوں سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد 50 ملین تک پہنچ گئی ہے جب کہ نومبر 2017کے بعد انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں 24.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کے مجموعی صارفین میں سے 48 ملین صارفین موبائل فونز کے ذریعے انٹرنیٹ سے استفادہ کر رہے ہیں جو تھری اور فور جی سروسز استعمال کرتے ہیں۔
پی ٹی اے کے اعدادوشمار کے مطابق تھری اور فور جی کے صارفین کی شرح میں 23 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2017 کے دوران ملک میں موبائل فونز صارفین کی تعداد 144 ملین سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اکتوبر 2017 کے اختتام پر یہ تعداد 142.5ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔