خبرنامہ

پاکستان میں 7 ممالک کی 530 کمپنیاں رجسٹرڈ کرائی گئیں، 154 امریکی، 145 چینی، 112 برطانوی 21 آسٹریلوی کمپنیاں شامل

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن)پاکستان میں 7 مختلف ممالک کی 530 کمپنیاں رجسٹرڈ کرائی گئی ہیں۔ امریکہ کی سب سے زیادہ 154 کمپنیاں ملک میں کام کر رہی ہیں جبکہ آسٹریلیا کی رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد سب سے کم 21 ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق 30 جون 2018ء تک دنیا کے مختلف ممالک بشمول امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین، آسٹریلیا اور جاپان کی 530 کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ کرائی گئی ہیں جن میں سے سب سے زیادہ امریکی کمپنیاں ہیں جن کی تعداد 30 جون تک 154 تھی جبکہ دوسرے نمبر پر ملک میں کام کرنے والی کمپنیوں کا تعلق ہمسایہ ملک چین سے ہے جن کی تعداد 145 ہے۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر برطانوی کمپنیاں ہیں جن کی تعداد 118 ہے۔ ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی 37، جرمنی کی 30، فرانس کی 25 اور آسٹریلیا کی 21 کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران چین کی سب سے زیادہ کمپنیاں ایس ای سی پی کے پاس رجسٹرڈ کروائی گئی ہیں جن کی تعداد 21 ہے۔ اسی طرح گذشتہ مالی سال میں برطانیہ کی 5، امریکہ کی 3 جبکہ فرانس، جرمنی اور آسٹریلیاں کی ایک ایک کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی ہے۔