کراچی:(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سخت فیصلوں کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک بنائیں گے۔ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں بہتری براہ راست ملکی معیشت سے منسلک ہے معیشت کو تین سال میں مستحکم کرنے کا منصوبہ بنایا، سخت فیصلوں کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور معیشت میں بہتری آئی، اور دنیا کے نقشے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج ابھر کر سامنے آئی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی مستحکم معیشت کا اعتراف کررہے ہیں، رواں برس 22 جولائی کو پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا جبکہ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کو میکرو اکنامک سطح پر مستحکم ملک قراردیا ، پاکستان کی درجہ بندی میں اضافہ مربوط اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار4.7 فیصد پر آگئی ہے، پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک بنائیں گے، 32 سال بعد کمپنیز کےلئے نیا قانون متعارف کرایا جارہا ہے ، آئندہ 2 سال میں معاشی ترقی کی شرح 7 فیصد ہوجائے گی۔