خبرنامہ

پاکستان کے تجارتی خسارے میں رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 1.3 فیصد کمی

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پاکستان کے تجارتی خسارے میں رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی دو ماہ ’’جولائی اور اگست‘‘ کے دوران میں 1.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران تجارتی خسارہ 6 ارب 17 کروڑ ڈالر رہا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست 2018ء کے دوران قومی برآمدات میں 5.1 فیصد کا اضافہ اور برآمدات کا حجم 3.66 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ دوسری جانب درآمدات میں بھی ایک فیصد کے اضافہ سے درآمدات کی مجموعی مالیت 9.83 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق اگست 2018ء میں قومی برآمدات میں 8.4 فیصد کا اضافہ ہوا اور 2.02 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ اس دوران درآمدات 1.4 فیصد کے اضافہ سے درآمدی حجم 4.99 ارب ڈالر تک بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2018ء کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 2.9 فیصد کی کمی سے 2.98 ارب ڈالر تک کم ہو گیا ہے۔