خبرنامہ

پاک سوزوکی موٹرزنے46 کروڑڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والی آٹو مینوفیکچرنگ کمپنی پاک سوزوکی نے آئندہ 2سال کے اندر46 کروڑ ڈالر کی لاگت سے پاکستان میں دوسرا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروفومی ناگاؤ نے جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار سے تفصیلی ملاقات کی اور آگاہ کیا کہ کمپنی پاکستان میں اپنا دوسرا پلانٹ قائم کرنے کے لیے 46 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد نیا پروجیکٹ 2سال کی مدت میں مکمل ہو گا اور 2018 کے اختتام تک پیداوار دینا شروع کرسکے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے ملاقات میں بتائی، اس موقع پر پاکستان میں کمپنی کی مستقبل کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاک سوزوکی موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر سے کہا کہ اس سلسلے میں ضابطے اور طریقہ کار کے مطابق مکمل پلان تمام تفصیلات کے ساتھ پیش کیا جائے تاکہ درخواست کو پروسیس کیا جاسکے، حکومت پاکستان تمام سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیٹرو نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے دوسرا بہترین ملک بننے کی صلاحیت کا حامل ملک قرار دیا ہے، پاکستان کی معاشی کارکردگی، میکرواکنامک استحکام، توانائی و امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول قائم ہوا ہے، آٹوموبائل کے شعبہ میں مختلف نئی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔