اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے روپے کی قدر میں کمی کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق کمپنی کی تیارکرہ گاڑیوں کی قیمتوں میں 2.5 سے 3.5 فیصد کااضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ یکم نومبر سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔ ویگن آر، کلٹس اور سوئفٹ گاڑیوں کی قیموں میں تقریباً40 ہزار روپے تک اضافہ ہو گیا ہے ۔ رواں سال سوزوکی کمپنی کی طرف سے تیار کردہ گاڑیوں کی قیمتوں میں یہ پانچواں اضافہ ہے۔ ویگن آر وی ایکس آر ویرینٹ کی قیمت اب 11 لاکھ 84 ہزار، وی ایکس ایل ویرینٹ کی قیمت 12 لاکھ 74ہزار، سوئفٹ وی ایل ایکس کی قیمت 15 لاکھ 15 ہزار روپے اور سوئفٹ اے ٹی کی قیمت 16 لاکھ 51 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس کی قیمت بالترتیب 13لاکھ 80ہزار روپے، 15 لاکھ ایک ہزار روپے اور 16لاکھ 8 ہزار روپے ہو گی۔