خبرنامہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈبے کا دودھ صحت بخش قرار دیدیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈبے کا دودھ صحت بخش قرار دیدیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈبے کا دودھ صحت بخش قرار دیدیا

کراچی:(ملت آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے ڈبے کا دودھ فراہم کرنیوالے مختلف برانڈز کے دودھ کو محفوظ اور صحت بخش قرار دیا ہے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوام کھلے دودھ کے بجائے ڈبے کا دودھ استعمال کریں کیونکہ کھلے دودھ کے خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پی سی ایس آئی آر، آئی ایس او 17025 اور انٹرٹیک جیسے معروف اداروں سے کرائے گئے ٹیسٹ کے جامع نتائج کی بنیاد پر ڈبے کے دودھ کے مجموعی طور پر 17 برانڈز کو انسانی صحت کیلیے صحت مند اور محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

ان اداروں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر سال 2017 کے دوران مارچ، اگست اور دسمبر میں 3 بار بغیر کسی ترتیب سے ڈبے کے دودھ کے نمونے لیے۔ ان نمونوں کا فزیکل، بائیولوجیکل اور کیمیکل پیرامیٹرز کے عالمی معیارات کے ساتھ جامع انداز سے جانچ پڑتال کی گئی اور نتیجے میں یہ نمونے صحت کیلیے موزوں قرار پائے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پیسچرائزیشن سے نکلے ڈبے کے دودھ کے 10 برانڈز اور یو ایچ ٹی عمل سے نکلے دودھ کے سات دیگر برانڈز کو بھی صحت مند اور محفوظ قرار دیا۔ یو ایچ ٹی عمل سے نکلے ڈبے کے دودھ کے سات برانڈز میں حلیب، اولپرز، نورپور ملک، نیسلے ملک پیک، نیسلے نیس ویٹا، ڈے فریش اور گڈ ملک شامل ہیں۔

قدرتی پیسچرائزیشن کے عمل سے نکلے ڈبے کے دودھ کے برانڈز میں انہار ملک، ڈیری ڈیری، ڈوسی ملک، گورمیٹ ملک، نوٹریو ملک، اچھا ملک، ایڈمز ملک، مالمو ملک، پریما ملک اور پیک فریش شامل ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی سال 2018 میں ایک بار پھر چوتھی بار ان برانڈز کے ڈبے کے دودھ کے نمونے جمع کرے گی اور ان کی جانچ پڑتال کرائے گی تاکہ صوبے میں صاف دودھ کی فراہمی و دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اتھارٹی نے دودھ پروسیس کرنے والے مختلف برانڈز کو خبردار کیا کہ وہ مقامی معیارات کے مطابق دودھ کا معیار قائم رکھیں وگرنہ مستقبل میں انہیں کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی جامع تحقیقات کی بنیاد پر اپنے فیصلے میں ڈبے کے دودھ کے ان برانڈز کو استعمال کیلیے موزوں قرار دیا تھا۔