خبرنامہ

پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ 5 فیصد تک محدود

پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ 5 فیصد تک محدود
کراچی:(ملت آن لائن) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث فروخت میں اضافے کی رفتار سست پڑگئی جس سے معاشی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات کا خدشہ ہے۔ پٹرولیم انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافے کی رفتار اکتوبر 2016کے مقابلے میں 5 فیصد کمی سے 24لاکھ 81 ہزار ٹن رہی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے کھپت میں کمی کا رجحان معاشی سرگرمیوں پر بھی اثر انداز ہوگا جس سے مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، پٹرول کی فروخت 9فیصد اضافے سے 6 لاکھ 25 ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت محض 2فیصد اضافے سے 8 لاکھ 49 ہزار ٹن جبکہ بجلی کی پیداوار کے لیے کوئلے اور ایل این جی پر بڑھتے ہوئے انحصار کی وجہ سے فرنس آئل کی فروخت صرف 2فیصد اضافے سے 8لاکھ91ہزار ٹن رہی دیگر متفرق مصنوعات کی فروخت 55فیصد اضافے سے 1لاکھ 15ہزار ٹن رہی۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 4 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا اکتوبر 2017کے دوران مجموعی طور پر 92لاکھ 55ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت کی گئیں، 4 ماہ کے دوران پٹرول کی فروخت 17فیصد اضافے سے 26لاکھ 9ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 15فیصد اضافے سے 30لاکھ 60 ہزارٹن، فرنس آئل کی 13فیصد کمی سے 31لاکھ63ہزار ٹن جبکہ متفرق پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 22فیصد کے اضافے سے 4لاکھ 23ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔