خبرنامہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام کی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے فروری کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔ یکم فروری 2018 سے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 98 پیسے اضافے کے بعد 84 روپے51 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 5 روپے 93 پیسے اضافے کے بعد 64 روپے 30 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 92 پیسے اضافے کے بعد 95 روپے 83 پیسے جب کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 5 روپے 94 پیسے اضافے کے بعد 70 روپے 26 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوگرا کی تجاویز کے برعکس کم اضافہ کیا گیا ہے، اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 25 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی لیکن قیمت 5 روپے 92 پیسے بڑھائی گئی، مٹی کے تیل کی قیمت 12 روپے 74 پیسے کے بجائے 5 روپے 94 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 72 پیسے کی بجائے 5 روپے 93 پیسے اضافہ کیا گیا۔