خبرنامہ

پی آئی اے کے 17 اعلیٰ افسران کو گھر بیٹھے تنخواہ اور مراعات

پی آئی اے کے 17 اعلیٰ افسران

پی آئی اے کے 17 اعلیٰ افسران کو گھر بیٹھے تنخواہ اور مراعات

کراچی:(ملت آن لائن) قومی ایئرلائن انتظامیہ اپنے ادارے کے 17اعلیٰ افسران کو گھر بیٹھے ماہانہ تنخواہ اور مراعات فراہم کررہی ہے۔

مالی بحران سے دوچار ملک کی قومی ایئرلائن انتظامیہ اپنے ادارے کے 17اعلیٰ افسران کوگھر بیٹھے ماہانہ تنخواہ اور مراعات فراہم کررہی ہے، ان میں ڈائریکٹران اور جنرل منیجرز بھی شامل ہیں جن کی ماہانہ تنخواہ لاکھوں روپے مقرر ہے، ان میں سے ایک افسر جن کا کاروبار امریکا میں ہے گزشتہ4سال سے قومی ایئرلائن انتطامیہ انھیں ماہانہ 5 لاکھ روپے اور مراعات بھی فراہم کررہی ہیں۔

پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز انتظامیہ نے ان افسران کودفتری کاغذات میں او ایس ڈی بنا رکھا ہے لیکن ان او ایس ڈی افسران کولاکھوں روپے ماہانہ باقاعدگی سے تنخواہ، ٹکٹ سمیت دیگر مراعات اداکی جا رہی ہیں ان او ایس ڈی افسران میں سابق ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز اعجازمظہر، سابق ڈائریکٹرمارکیٹنگ خرم مشتاق، غزالہ راشد، درمحمد طارق، مہدی چنگیزی، نوشیرعادل، زبیر میمن سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک افسر نیویارک میں اے ٹی ایم مشین سروسز کا کارروبار کررہا ہے جبکہ دیگر او ایس ڈی افسران بھی اندرون وبیرون ملک جانے پر قومی ایئرلائن کے ٹکٹ سمیت دیگر مراعات سے مکمل استفادہ کررہے ہیں جس سے قومی ادارے کو مزید نقصان کاسامنا ہورہا ہے۔