خبرنامہ

چینی انویسٹرز کی سندھ میں جوائنٹ وینچر میں دلچسپی

چینی انویسٹرز

چینی انویسٹرز کی سندھ میں جوائنٹ وینچر میں دلچسپی

کراچی:(ملت آن لائن) چینی انویسٹرز نے کہا ہے کہ وہ سندھ میں جوائنٹ وینچر کے تحت سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ چین کے صوبے تیان جن کی کونسل فار انٹرنیشنل انویسٹمنٹ پروموشن کے وفد نے نائب صدر ہینری زینگ کی قیادت میں سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہیدمیمن سے ملاقات کی اور صوبے میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر چیئرپرسن ناہید میمن نے کہا کہ اب وقت ہے کہ چینی نجی شعبہ اپنی صنعتوں کو ون بیلٹ ون روڈ کے ساتھ منتقل کرے، سندھ حکومت صوبے میں آنے والے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے چینی وفد کو صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں اور حکومتی مراعات و سہولتوں سے آگاہ کیا۔

چینی وفد نے کہا کہ وہ سندھ میں انڈسٹریل پارک، منرل پروسیسنگ، ماربل سٹی اور کلچرل ایکس چینج کے میدانوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں چینی اور پاکستانی نجی شعبوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرکے تحت بھی کام کر سکتے ہیں۔ ناہید میمن نے کہا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن معاونت فراہم کرے گا۔