خبرنامہ

چینی سرمایہ کار تنزانیہ میں سیمنٹ فیکٹری لگائیں گے

اروشا ، تنزانیہ (ملت + آئی این پی) تنزانیہ کی حکومت نے چینی سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ شمال مشرقی ساحلی شہر تانگا میں سیمنٹ فیکٹری لگانے کے لئے سرمایہ کاری کریں ، مجوزہ سیمنٹ فیکٹری مشرقی اور سینٹرل افریقہ میں سب سے بڑی فیکٹری ہو گی ، چینی سرمایہ کاری کے باعث اس فیکٹری کے ذریعے ملک کی طلب کو بڑی حد تک پورا کیا جا سکے گا اور عوام کو کم قیمت پر دستیاب ہو سکے گا ۔ان خیالات کا اظہار تنزانیہ کے وزیر اعظم قاسم مجالوا نے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے ۔یہ مجوزہ سیمنٹ پلانٹ تانگا میں بحر ہند کی ساحلی پٹی پر لگایا جائے گا جس سے روز گار کے بڑے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی ، اس فیکٹری میں تیار کیا گیا 70فیصد سیمنٹ برآمد کیا جائے گا جبکہ 30 فیصد مقامی طورپر استعمال ہو گا ، بحر ہند کے ذریعے یہ سیمنٹ صومالیہ ، کینیا اور موزمبیق کے علاوہ سوڈان ، کانگو اور یوگنڈا کو بھی برآمد کیا جا سکے گا ، مجوزہ پلانٹ کی تعمیر کا کام مئی میں شروع کیا جائے گا۔