خبرنامہ

چینی سٹیل پر ڈیوٹی عائد کرنے کا یورپی فیصلہ ،چین کا شدید ردعمل

برسلز (ملت + آئی این پی) یورپی یونین نے گذشتہ روز چین کی تیار کردہ ہیوی سٹیل پلیٹوں پر حتمی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چین نے یورپی یونین کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، یورپین کمیشن یا یورپی ایگزیکٹو باڈی نے کہا ہے کہ چین کی ہیوی سٹیل پلیٹوں پر 65.1فیصد سے 73.7فیصد تک اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کی جائے گی ، یہ ڈیوٹی اسی قدر ہے جس طرح گذشتہ اکتوبر میں عائد کی گئی تھی ، ڈیوٹی لیزر ڈیوٹی قوانین کے تحت عائد کی گئی ہے۔کمیشن نے فروری 2016ء میں تحقیقات کی تھیں جس میں پتہ چلا کہ ڈمپنگ مارجن 120فیصد اور 127فیصد ہے، یہ ایک غیر منصفانہ مقابلہ ہے جس سے یورپی سٹیل کی پیداوار میں نقصان ہورہا ہے، چنانچہ اس فرق کو دور کرنے کے لئے چینی ہیوی سٹیل پلیٹس پر ڈیوٹی عائد کر دی گئی ہے تا کہ یورپی سٹیل کی پیداوار اور چینی پیداوار میں فرق کم کیا جا سکے ۔دریں اثنا چین نے یورپ پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی تجارتی حقوق کا عالمی تجارتی تنظیم کے تحت خیال رکھے اور تجارت پر غلبہ پانے کی اپنی سوچ ختم کرے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور غیر امتیازی سلوک کرے ۔