خبرنامہ

چینی کمپنیوں کی ٹیکسٹائل سیکٹر میں جوائنٹ وینچرز میں دلچسپی

کراچی: (ملت+اے پی پی) چینی کمپنیوں نے پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ژنگ جیانگ ریجن سے تعلق رکھنے والے چینی صنعتکاروں کے16رکنی وفد نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا دورہ کیا، وفد چینی ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے اراکین اور آفس بیئررز پر مشتمل تھا جس کی قیادت ژنگ جیانگ ریجن کے ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل زانگ شاؤیوکررہے تھے جبکہ چینی قونصل خانے کی اقتصادی وکمرشل اتاشی میرانڈا لی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسد نثار برخورداریہ نے چینی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے رابطوں سے دونوں ملکوں کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فائدہ پہنچے گا۔ وفد کے سربراہ زانگ شاؤیو نے کہاکہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعتی شعبے کے مابین براہ راست تعلقات استوار ہونے سے باہمی تجارت اور معاشی تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد زبیر موتی والا نے پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی مندوبین کو پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات اور حریف ملکوں کا موازنہ پیش کرتے ہوئے پاکستان میں ویلیو ایڈیشن کے لیے درکار سرمایہ کاری کے امکانات کو بھی اجاگرکیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری اور مشترکہ پیداواری منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔