خبرنامہ

چین اورپاکستان کے درمیان مالی معاونت کو فروغ دینے کا فیصلہ

چین اور پاکستان کے درمیان مالی معاونت کو فروغ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سی پیک لانگ ٹرم پلان کے تحت چین میں فری ٹریڈ زون کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گوادر پورٹ فری زون کی تعمیر کوجدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے لانگ ٹرم پلان کے تحت پاکستان اور چین دونوں ملکوں کی اسٹاک ایکسچینج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ ایکسپریس کو موصول چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے لانگ ٹرم پلان کے مطابق سی پیک کے تحت چائنا اور پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان مالی معاونت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستان میں چائنا ( شنگھائی ) پائلٹ فری ٹریڈ زون اور چائنا کے دیگر فری ٹریڈ زون کو دیکھتے ہوئے گوادر پورٹ فری زون کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ سی پیک لانگ ٹرم پلان کے مطابق چائنا اور پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان فنانشل کو آپریشن کو فروغ دیا جائے گا۔ اسی طرح پاکستان اور چائنا کے درمیان سیکیورٹیز مارکیٹ کو ڈیولپ کیا جائے گا جب کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ہی سی پیک لانگ ٹرم پلان میں چائنا اور پاکستان کے درمیان اسٹاک ایکسچینج میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق طے پاگیا ہے۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی ساتویں مشترکہ تعاون کمیٹی ( جے سی سی ) کا اجلاس گزشتہ دنوں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جس میں سی پیک کے لانگ ٹرم پلان کو چائنا اور پاکستان کی جانب سے فائنل کیا گیا تھا۔ اس لانگ ٹرم پلان میں ہی دو طرفہ طور پر فنانشل کو آپریشن کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پاکستان اور چائنا سی پیک منصوبے کے ثمرات کو بڑھا سکیں۔ اسی ضمن میں لانگ ٹرم پلان میں فنانشل کو آپریشن کو فروغ دینے کے منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔