خبرنامہ

چین نے درآمدی مصنوعات پر ڈیوٹی کی شرح کم کردی

یجنگ:(ملت+اے پی پی) چین نے پاکستان، کوریا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے آنے والی اشیا پر محصولات میں کمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ سے درآمد کی جانے والی اشیا ڈیوٹی فری ہوں گی، چین سے بیرون ممالک بھیجی جانے والی نائٹروجن اور فاسفیٹ فرٹیلائزر پر ٹیکس کی شرح کم کی جائے گی۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزارت مالیات، درآمدات اور برآمدات نے کہا ہے کہ یکم جنوری 2017 سے بیرون ممالک سے آنے والی کچھ اشیا پر ٹٰکس کی شرح میں کمی کی جائے گی جن میں جہازوں کے پرزہ جات بھی شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ چین سے بیرون ممالک بھیجی جانے والی کچھ اشیا پر بھی ٹیکس کی شرح کم کی جائے گی جن میں نائٹروجن اور فاسفیٹ فرٹیلائزر شامل ہیں۔ تجارتی معاہدے کے تحت ہانگ کانگ اور مکاؤ سے درآمد کی جانے والی اشیا یکم جنوری سے ڈیوٹی فری ہوں گی جبکہ کچھ ممالک جن میں پاکستان، کوریا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے آنے والی اشیا پر محصولات میں کمی کی گئی ہے۔ 2017 میں جن اشیا پر ٹیکس لگایا گیا ہے ان کی تعداد8547 ہو جائے گی۔