خبرنامہ

چین و خلیجی ممالک میں ایف ٹی اے مذاکرات کا نیا دور ریاض میں ہوگا

بیجنگ:(ملت+اے پی پی) چین نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے درمیان آزاد تجارتی زون کے مذاکرات کا نیا دور سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگا، آزاد تجارتی معاہدہ چین کی طرف سے علاقائی تنظیم کے ساتھ طے پانے والا دوسرا آزاد تجارتی معاہدہ ہوگا، دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیرکے باعث دونوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کی بڑی گنجائش ہے۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین اور خلیجی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے حوالے سے سمٹ بیجنگ میں منعقد ہوا جس کا موضوع ’’دی بیلٹ اینڈ روڈ کے پس منظر میں چین اور خلیجی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا نیا ڈھانچہ اور نئے چیلنج‘‘ تھا۔ اس موقع پر چین کے نائب وزیر تجارت وانگ شو ون نے اس سمٹ میں کہا کہ چین خلیجی ممالک کا اہم اقتصادی و تجارتی ساتھی ہے۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر کو تیزی سے فروغ دیتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کی بڑی گنجائش ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ رواں سال کے شروع میں بحال ہونے والے چین خلیجی ممالک کے درمیان آزاد تجارتی زون کے مذاکرات کا عمل بخوبی جاری ہے۔اس حوالے سے مذاکرات کا نیا دور سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگا۔