ماسکو ۔ (ملت+اے پی پی)روس نے کہا ہے کہ ہم ملک پر ڈالر کے انحصار کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔روسی حکومت کے پریس سروس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کے استعمال کو کم کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں تاہم ڈالر میں لین دین کو ممنوع قرار دینے سے متعلق کسی قسم کی کارروائی ہمارے ایجنڈے پر نہیں ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرون ملک لین دین میں استعمال کی جانے والی کرنسی کو بھی قومی کرنسی میں تبدیل کرنے کے لئے حوصلہ افزائیاں ا ور میکانزم تیار کرنے کے لئے کام جاری ہے۔بیان کے مطابق مذکورہ کاروائیوں کا ایسے شخصی اقدامات سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ جن کا اظہار مختلف حالات میں کیا گیا ہے بلکہ یہ ایک حکومتی حکمت عملی ہے۔تاہم کریملین کے ترجمان دمتری پیسکوف نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ روس کا ڈالر کے استعمال کو محدود کرنے کے عمل کا مرحلہ آسان نہیں ہو گا۔