خبرنامہ

’’ڈبل الیون‘‘علی بابا کی ایک روزمیں30.7ارب ڈالرکی سیل نےریکارڈ قائم کردیا

بیجنگ ۔ (ملت آن لائن) چین کے آن لائن شاپنگ گروپ علی بابا کی ایک روز میں 213.5 بلین یوان(30.7 ارب ڈالر) کی سیل نے ریکارڈ قائم کر دیا۔علی بابا جس نے گیارہ تاریخ کو ’’ڈبل الیون‘‘ کے نام سے سنگل ڈے آن لائن سیل کا اعلان کیا تھا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12بجے کے بعد صرف ایک گھنٹے میں ان کی 10ارب ڈالر کی سیل ہوئی جبکہ فل ڈے سیل 30 ارب ڈالر سے زائد رہی۔انھوں نے بتایا کہ سیل میں لوگوں نے سب سے زیادہ آئی فونز، فرنیچر، کاسمیٹکس، ہوم اپلائنسس اور ملک پاؤڈر کی خریداری کی۔ علی بابا کی جانب سے یہ سیل ایک ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے، گذشتہ سال گیارہ نومبر کو سیل کے پہلے16گھنٹے کے دوران سیل کا حجم 168 ارب یوان رہا تھا۔علی بابا کے مطابق تمام تر ریکارڈ سیل کے باوجود ان کی سالانہ سیل گروتھ 39 فیصد سے کم ہو کر 27 فیصد پر آگئی ہے جو علی بابا کی 10سالہ تاریخ کی کم ترین سیل گروتھ ہے۔علی بابا نے اپنی سالانہ میگا سیل کا آغاز شنگھائی میں گالا تقریب سے کیا جس میں امریکی گلوکارہ ماریہ کیری نے اپنے فن کامظاہرہ کیا۔ تقریب میں 800 صحافی مدعو تھے جن کے لئے علی بابا کی سیل کی لائیو سٹریمنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔