کویت سٹی (ملت + اے پی پی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہاہے کہ کویت بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے مزید سبسڈی اصلاحات کرے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈیوں میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے باعث کویت کو بجٹ خسارے کاسامنا ہے اور کویت نے گزشتہ سال 16سال میں پہلی مرتبہ 15ارب ڈالر خسارے کابجٹ پیش کیا۔کویت میں بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے اور آمدنی میں اضافے کیلئے پٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور پانی کے نرخوں میں اضافے سمیت کئی اقدامات کئے ہیں جس نے ملک میں ایک سیاسی بحران کو جنم دیاہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور انتخابات کا مطالبہ کیاہے ۔ آئی ایم ایف نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ اصلاحات کے باوجود کویت کو آئندہ 6سال کے دوران بجٹ خسارے پر قابو پانے کیلئے 35ارب دینار درکارہوں گے جس کے لئے مزید سبسڈی اصلاحات ناگزیر ہیں ۔ رپورٹ میں اجرتوں کے بل پر کنٹرول اور نان آئل ریونیو بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا گیاہے۔