خبرنامہ

’کے الیکٹرک‘کےاکثریتی شیئرہولڈرنےحصص بیچنےکا اعلان کردیا

کراچی:(اے پی پی) کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو جاری کردہ نوٹس کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ ’’کے الیکٹرک‘‘ میں اکثریتی حصص رکھنے والا ’’ابراج گروپ‘‘ اپنے حصص کی فروخت کے لیے ممکنات کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس اعلامیے سے کے الیکٹرک میں ابراج کے حصص کی کسی نئی پارٹی کو فروخت کے بارے میں زیرگردش اطلاعات کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم اس سے پہلے کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور پاکستان میں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے ادارے اینگرو کارپوریشن نے اس ضمن میں کسی پیشرفت سے یکسر انکار کیا تھا۔ پیر کو اسٹاک مارکیٹ میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ابراج گروپ کے الیکٹرک میں اپنے حصص (براہ راست یا بالواسطہ) فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ابراج گروپ دبئی کی نجی ایکویٹی پر مبنی ہے جو کے الیکٹرک میں 66.4 فیصد حصص کے مالک 3 رکنی کنسورشیم ’’کے ای ایس پاور‘‘ کا حصہ ہے اس کنسورشیم میں دبئی کا Al Jomaih گروپ اور کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ بھی شامل ہے۔ کے الیکٹرک میں ابراج گروپ کے حصص کی نئے سرمایہ کاروں کو فروخت کی اطلاعات گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں میں تواتر کے ساتھ سامنے آتی رہی ہیں جس میں چین کی فرم شنگھائی الیکٹرک اور اینگرو کارپوریشن کے نام سرفہرست ہیں تاہم کے الیکٹرک اور اینگروکارپوریشن کی جانب سے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی گئی۔ کے الیکٹرک میں ابراج کے حصص کی فروخت میں دلچسپی رکھنے والی دیگر کمپنیوں میں چائنا سدرن پاور گرڈ اور گولڈن کونکارڈ ہولڈنگز بھی شامل ہیں۔